فیصل آباد، پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو گرفتار، 4 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے

بدھ 17 ستمبر 2025 11:45

مکوآنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء) پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتارجبکہ 4 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں غلام محمد آباد کے علاقہ میں سی سی ڈی لائلپور ڈویژن نے مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران ایک ریکارڈ یافتہ ڈاکو نعیم یعقوب کو گرفتار کر لیا۔پولیس حکام کے مطابق انچارج سی سی ڈی لائلپور ڈویژن انسپکٹر صدیق چیمہ نے نفری کے ہمراہ تھانہ سی سی ڈی میں درج دوران ڈکیتی اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے غلام محمد آباد نمبر 2 بابا بیری والا کے دربار پر ریڈ کیا۔

(جاری ہے)

موقع پر موجود 5 مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلہ کے بعد پولیس نے ایک ملزم کو موقع سے گرفتار کر لیا جبکہ اس کے دیگر 4 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس مقابلہ کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت نعیم یعقوب سکنہ عثمان آباد سے ہوئی۔ملزم ڈکیتی راہزنی اور ناجائز اسلحہ کے 21 مقدمات کا ریکارڈ یافتہ اور ڈکیتی و راہزنی کی 30 سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ مضروب ڈاکو کو طبی امداد کے لیئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سی سی ڈی ٹیم نے فرار ہونے والے ڈاکوں کی تلاش شروع کر دی۔