شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ،محمد وقاص نذیر

بدھ 17 ستمبر 2025 12:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں، جن سے قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوتا ہے، موثر لا انفورسمنٹ اور بھرپور کارروائیوں کی بدولت گزشتہ دو ماہ میں ٹریفک حادثات کی شرح میں 20 فیصد کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں، سال 2025 میں تیز رفتاری، لاپرواہی اور غفلت برتنے پر 4 لاکھ 67 ہزار سے زائد ڈرائیوروں کو چالان کئے گئے، جبکہ 2024 میں یہ تعداد 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد تھی۔

اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں کارروائیوں میں 102 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور حادثات کی روک تھام کے لیے سخت کارروائیوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔