Live Updates

پنجاب حکومت کاسیلاب سے ہونیوالے نقصانات کے تخمینے کے لیے سروے جلد شروع کرنے کا فیصلہ

بدھ 17 ستمبر 2025 17:04

پنجاب حکومت کاسیلاب سے ہونیوالے نقصانات کے تخمینے کے لیے سروے جلد شروع ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے لیے تیار کیے گئے پلان کا جائزہ لیا گیا اور نقصانات کے تخمینے کے لیے جلد سروے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چیف سیکرٹری نے اوچ شریف کے متاثرہ علاقے میں فوری طور پر مزید ٹینٹ اور راشن بھجوانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور کو ہدایت کی کہ وہ امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے متاثرہ علاقوں میں موجود رہیں۔چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری بحالی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سیلاب سے متاثرہ 28 اضلاع میں سروے جلد شروع کیا جائے گا، جس میں جانی نقصان، مکانات، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا مکمل ریکارڈ تیار کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ شفافیت یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنرز خودفیلڈ میں جا کر سروے کے عمل کی نگرانی کریں۔چیف سیکرٹری نے متاثرہ علاقوں میں پانی کی نکاسی، وبائی امراض کی روک تھام، صفائی اور سڑکوں کی بحالی سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی سطح کم ہوتے ہی متاثرہ علاقوں میں واٹر پونڈنگ ختم کی جائے اور سیلاب زدہ علاقوں میں بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سپرے اور ضروری ادویات کی فراہمی کا انتظام کیا جائے۔چیف سیکرٹری نے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کو متاثرہ سڑکوں کی مرمت و بحالی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد کے مکانات تباہ ہو گئے ہیں، ان کے لیے عارضی رہائش کا انتظام کیا جائے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے امداد و بحالی پلان کے حوالے سے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے نقصانات سے متعلق سروے ایک ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ 18 اضلاع میں سروے فوری شروع کیا جا سکے گا جبکہ 10 اضلاع میں 18 ستمبر کے بعد سروے کا آغاز ہو سکے گا۔بریفنگ کے مطابق سیلاب سے 45 سو سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں اور سروے کے لیے دو ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔

یہ بھی بتایا گیا کہ نارووال، سیالکوٹ، چنیوٹ، جھنگ، اوکاڑہ، ساہیوال اور سرگودھا میں سیلاب متاثرین کی گھروں کو واپسی شروع ہو چکی ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات