مشی خان بھی ڈیٹنگ رئیلٹی شو’لازوال عشق‘ کیخلاف میدان میں آگئیں

ہر معاشرہ اپنی اقدار پر چلتا ہے، نجانے ان لوگوں کو کون سی فنڈنگ آرہی ہے جو انہیں پاکستان میں فحاشی پھیلانے کی اتنی خواہش ہے، بنگلے میں رہنے والے یہ لوگ آخر کیا کریں گے، کیا کتابیں پڑھیں گے؟؛ اداکارہ کا طنزیہ بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 ستمبر 2025 14:36

مشی خان بھی ڈیٹنگ رئیلٹی شو’لازوال عشق‘ کیخلاف میدان میں آگئیں
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر 2025ء ) اداکارہ و ٹی وی شو میزبان مشی خان بھی ڈیٹنگ رئیلٹی شو’لازوال عشق‘ کیخلاف میدان میں آگئیں۔ تفصیلات کے مطابق مشی خان کی جانب سے اس شو کی میزبان عائشہ عمر پر بھی سخت تنقید سامنے آئی، ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی دوسروں کی اچھی چیزوں کے بجائے زیادہ تر بری چیزوں سے متاثر ہوتے ہیں، اسی لیے ترکیہ کے مقبول ریئلٹی شو ’عشق آداسی‘ سے متاثر ہو کر اس طرح کا شو کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس شو کی میزبانی عائشہ عمر سے بہتر کوئی اور نہیں کرسکتا تھا، عائشہ عمر یہ دعویٰ کررہی ہیں کہ بہت سے امیدواروں میں سے ان کا انتخاب اس لیے کیا گیا کیوں کہ وہ اردو سپیکر ہیں لیکن یہ بات کرتے ہوئے انہیں شرم آنی چاہیئے۔

مشی خان کہتی ہیں کہ اب اس بیان کے بعد دیسی لبرلز مجھ پر تنقید کریں گے کہ میں دقیانوسی سوچ رکھتی ہیں حالانکہ میرا ماننا ہے کہ ماڈرن ہونا کپڑے کم کرنے یا اس طرح کے شوز کرنے سے نہیں بلکہ سوچ اور دماغ سے ہوتا ہے، ہر معاشرہ اپنی اقدار کے مطابق چلتا ہے لیکن نجانے ان لوگوں کو کون سی فنڈنگ آرہی ہے جو انہیں پاکستان میں فحاشی پھیلانے کی اتنی خواہش ہے، عائشہ عمر اچھی دوست اور قابلِ احترام فنکارہ ہیں لیکن 43 سال کی عمر میں ایسے بڑے گاؤنز پہن کر کشتی پر چلنے اور اس طرح کے شوز کرنے کا مقصد سمجھ سے بالاتر ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر ان دنوں اداکارہ عائشہ عمر کی میزبانی میں شروع ہونے والے ایک متنازعہ ڈیٹنگ شو کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا جارہا ہے کہ عائشہ عمر پاکستان کے پہلے ڈیٹنگ شو ’لازوال عشق‘ کی میزبانی کرنے جارہی ہیں، جس میں شریک ہوکر آپ سچا عشق تلاش کرسکتے ہیں، آپ اپنا سارا وقت اس شاندار گھر میں گزاریں گے جہاں ہر لمحہ کیمروں میں ریکارڈ کیا جائے گا، اس گھر میں تفریح کی سہولیات بھی ہیں جہاں لوگ بہت اچھا وقت گزاریں گے اور رشتوں کو چیلنجنگ کے طور پر لیں گے، جیتنے والا کپل ایک عظیم الشان انعام جیتے گا۔

معلوم ہوا ہے کہ یہ ڈیٹنگ ریئلٹی شو یوٹیوب پر اسٹریم کیا جائے گا، یہ یوٹیوب اوریجنلز کا خصوصی شو نہیں، یہ پروگرام انٹرنیٹ استعمال کرنے والے ہر شخص کے لیے دستیاب ہوگا، تاہم صارفین کی جانب سے اس شو پر تنقید کی جارہی ہے اور پیمرا میں اس کی بندش کیلئے درخواست بھی دائر ہوئی، جس میں کہا گیا ہے کہ غیر اسلامی و غیر اخلاقی مواد نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے، یوٹیوب پر نشر ہونے والا شو پاکستانی اقدار اور روایات کے خلاف ہے، معاشرتی اور خاندانی نظام کو تباہ کرنے والی مواد ناقابل قبول ہے، درآمدی فارمیٹ فحاشی اور بے راہ روی کو فروغ دیتا ہے، پیمرا اور پی ٹی اے سے سخت نگرانی کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔

اس معاملے پر پیمرا کی جانب سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ عوام الناس کی اطلاع کے لیے یہ واضح کیا جاتا ہے کہ ’لازوال عشق‘ کے حوالے سے سوشل میڈیا مہم پر پیمرا کو متعدد شکایات موصول ہو رہی ہیں، تاہم یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نشر کیا جانے والا مواد ہے، یہ پروگرام پیمرا سے لائسنس یافتہ کسی بھی ٹی وی چینل پر نشر نہیں کیا جا رہا، پیمرا قوانین کا اطلاق پیمرا سے لائسنس یافتہ ٹی وی چینلز پر ہوتا ہے۔