حکومت کی اولین ترجیح عوامی فلاح و بہبود ہے،سردار عامر الطاف خان

موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے پوری سنجیدگی اور خلوص نیت سے اقدامات کر رہی ہے،وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن

بدھ 17 ستمبر 2025 15:07

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن و مرکزی رہنما مسلم لیگ (ن) سردار عامر الطاف خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے پوری سنجیدگی اور خلوص نیت سے اقدامات کر رہی ہے عوام کو درپیش مشکلات کا ادراک ہے اور انہیں اس دلدل سے نکالنے کے لیے ہر سطح پر عملی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوامی فلاح و بہبود ہے اور اسی جذبے کے تحت ادارے فعال انداز میں کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام ہی طاقت کا اصل سرچشمہ ہیں اور اقتدار عوام کی امانت ہے ایک جمہوری نظام میں عوام کی شمولیت اور حمایت کے بغیر ترقی ممکن نہیں حکومت عوامی اعتماد کو ہمیشہ مقدم رکھتی ہے اور اسی اصول پر کاربند ہے کہ فیصلہ سازی کا مرکز و محور عوام ہوں۔

(جاری ہے)

سردار عامر الطاف نے اس بات پر زور دیا کہ تمام تر سیاسی و سماجی معاملات بات چیت اور افہام و تفہیم سے حل کیے جا سکتے ہیں موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی قوتیں اور سماجی طبقات ایک پیج پر آئیںذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر قومی مفاد کو ترجیح دی جائے تاکہ خطے میں امن استحکام اور ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔

وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن نے نوجوانوں کے حوالے سے اپنی گفتگو میں کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیںاور ان کی تعلیم تربیت اور ہنرمندی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے حکومت نوجوانوں کو صرف ڈگری یافتہ نہیں بلکہ ہنر مند اور خود کفیل بنانے کے مشن پر گامزن ہے، تاکہ وہ عملی زندگی میں باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور ملکی معیشت میں مثبت کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹیکنیکل ایجوکیشن نوجوانوں کی فنی تربیت کے لیے مختلف پروگرامز اور کورسز متعارف کروا رہا ہے جن کے ذریعے نوجوان جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر سیکھ کر بہتر مستقبل کی جانب گامزن ہو سکیں گے ہم نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے بلکہ انہیں ایک کامیاب اور بااختیار شہری بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔

سردار عامر الطاف خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریاست کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال خطہ بنانے کے لیے حکومت کا بھرپور ساتھ دیں عوام کی شرکت کے بغیر کسی بھی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا اگر ہر فرد اپنی ذمہ داری کو محسوس کرے اور تعمیری سوچ کے ساتھ کردار ادا کرے تو ہم ایک مضبوط، خود کفیل اور خوشحال معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :