اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام عوامی ریلیف کے لیے ناگزیر ہے،ڈپٹی کمشنر بھمبر

بدھ 17 ستمبر 2025 15:07

بھمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز نے ضلع بھر میں پرائس کنٹرول کے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کے لیے تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز/ایس ڈی ایم صاحبان کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام عوامی ریلیف کے لیے ناگزیر ہے، اس لیے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو متحرک کیا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر بازاروں میں چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ گراں فروشی اور منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، مقررہ نرخنامے آویزاں نہ کرنے یا زائد نرخ وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف دینا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔