Live Updates

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر تحصیل کوٹ مومن کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں کے نقصانات کے تخمینے اور متاثرہ خاندانوں کی معاونت کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی

بدھ 17 ستمبر 2025 14:59

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی ہدایت پر تحصیل کوٹ مومن کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں کے نقصانات کے تخمینے اور متاثرہ خاندانوں کی معاونت کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سرگودھا (کنوینئر)، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن (سیکرٹری)، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن سرگودھا، محکمہ بلڈنگ کے انجینئر، متعلقہ تحصیلدار/نائب تحصیلدار جبکہ پاک آرمی کا نمائندہ (دستیابی کی صورت میں) شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ابتدائی 11 دیہات میں نقصانات کے تخمینے کا عمل ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے ڈیمیج اسسمنٹ ٹیمیں فوری طور پر ان دیہات میں جائیں گی تاکہ متاثرہ خاندانوں کی بروقت معاونت کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ہر سیکٹر کا اسسٹنٹ کمشنر کمیٹی سے قریبی کوآرڈینیشن کرے تاکہ نقصانات کے تخمینے کا عمل بروقت مکمل کیا جا سکے۔

جزوی یا مکمل طور پر تباہ شدہ گھروں کا تفصیلی سروے کر کے نقصان کا تعین بارے تفصیلی رپورٹ مرتب کی جائے گی جو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سرگودھا کے ذریعے پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھجوائی جائے گی۔مزید برآں کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام سروے رپورٹس، مستفیدین کی فہرستیں اور فوٹوگرافک ریکارڈ شفافیت کے ساتھ تیار کیے جائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو پی ڈی ایم اے کے معاوضہ رولز کے مطابق مالی امداد اور بحالی میں مدد فراہم کی جا ئے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات