ضلعی انتظامیہ لاہور کا گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاون جاری

بدھ 17 ستمبر 2025 17:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی ہدایت پر گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس شہر بھر کی مارکیٹوں میں متحرک ہیں اور اشیائے ضروریہ کی سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق پرائس کنٹرول قوانین کی خلاف ورزی پر34 مقامات پر کارروائی کی گئی،10 مقدمات درج ہوئے جبکہ گرانفروشی پر2 لاکھ35 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کی جانب سے روٹی14 روپے،چینی175 روپے فی کلو، آٹا (10 کلو) 905 روپے اور (20 کلو) 1810 روپے میں دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔سبزی منڈی میں بھی نرخوں کی سخت نگرانی جاری ہے جس کے نتیجے میں ٹماٹر، بھنڈی اور شملہ مرچ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے واضح کیا کہ زائد قیمت وصول کرنے والے یا سرکاری نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گرانفروشی سے متعلق شکایات کنٹرول روم نمبر03070002345 پر درج کرائیں یا ڈپٹی کمشنر لاہور کے سوشل میڈیا اکاونٹس کے ذریعے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔