سوئی و ڈیرہ بگٹی کا امن پھر تباہ ، عوام کو بے رحم ڈیتھ اسکوڈ کے ظلم اور بربریت کے حوالے کر دیا گیا ہے،جے ڈبلیو پی

بدھ 17 ستمبر 2025 23:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سوئی اور ڈیرہ بگٹی کا امن ایک بار پھر تباہ کر دیا گیا ہے۔ عوام کو بے رحم ڈیتھ اسکوڈ کے ظلم اور بربریت کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوامی مینڈیٹ چوری کرنے کے بعد جعلی فارم 47 کے پیدا کردہ حکمرانوں نے نہ صرف ڈیرہ بگٹی بلکہ پورے بلوچستان کو آگ و خون میں دھکیل دیا ہے۔

جمہوری وطن پارٹی کے رہنماؤں نواب زادہ شازین بگٹی اور نواب زادہ گہرام بگٹی نے اپنے عظیم دادا شہید نواب اکبر خان بگٹی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے سخت قربانیوں کے بعد ڈیرہ بگٹی میں امن قائم کیا، روزگار، تعلیم اور خوشحالی کا وہ سنہرا دور واپس آیا جس کی مثال تاریخ دیتی ہے۔

(جاری ہے)

لیکن مسلط کردہ غیر عوامی اور جعلی حکومت نے ڈیتھ اسکوڈ کی سرپرستی کر کے اس پورے خطے کو ایک بار پھر تباہی اور بربادی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ شہید نواب اکبر خان بگٹی کا پرامن اور باوقار دور آج ایک خواب بن چکا ہے۔ جو حکمران عوامی طاقت کے بجائے دھاندلی اور فارم 47 کے ذریعے اقتدار پر مسلط ہوں، وہ عوام کو امن نہیں دے سکتے۔ بلوچستان کے عوام آج ایک بار پھر ظلم جبر، مسلط کردہ دہشت اور ڈیتھ اسکوڈ کی وحشت کا سامنا کر رہے ہیں۔جمہوری وطن پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ بلوچستاں کے عوام اپنے حقِ حاکمیت اور پرامن مستقبل کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ بلوچستان کو مزید خون میں نہلانے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔