نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ساؤتھ زون کے زیر اہتمام جامعہ کراچی میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد

بدھ 17 ستمبر 2025 23:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ساؤتھ زون اور جامعہ کراچی کے باہمی تعاون سے جامعہ کراچی میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں کثیر تعداد میں طلبا و طالبات اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی ڈی آئی جی موٹروے پولیس ساؤتھ زون اصغر علی یوسفزئی تھے جبکہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

سیمینار کے دوران موٹروے پولیس کے انسپکٹر کامران عاشق اور جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر سلمان زبیر نے روڈ سیفٹی کے موضوع پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ شرکا کے سوالات و جوابات کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں نوجوانوں کو ٹریفک قوانین، محتاط ڈرائیونگ اور حادثات کی روک تھام کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے آخر میں ڈی آئی جی موٹروے پولیس اور وائس چانسلر جامعہ کراچی کے درمیان اعزازی شیلڈز کا تبادلہ کیا گیا، جبکہ طلبا میں گفٹ آئٹمز بھی تقسیم کئے گئے۔

بعد ازاں جامعہ کراچی کے احاطے میں روڈ سیفٹی واک کا انعقاد بھی ہوا۔ڈی آئی جی موٹروے پولیس اصغر علی یوسفزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی پھیلانا موٹروے پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ ایک محفوظ ٹریفک کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔ترجمان موٹروے پولیس ساتھ زون نے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ نوجوانوں کو سڑکوں پر محفوظ رہنے اور قوانین کی پاسداری کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔