عوام کو صحت، تحفظ اور سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر پشاور

بدھ 17 ستمبر 2025 20:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ عوام کو صحت، تحفظ اور سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے شہر کے مختلف مقامات کے دورے کے موقع پر کیا،جن میں ایمرجنسی سٹیلائٹ ہسپتال نحقی ،چارسدہ روڈ پرواقع مذبح خانہ ،موٹروے ٹول پلازہ کےقریب واقع جائنٹ چیک پوسٹ شامل ہیں۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) بابر خان تنولی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد الیاس اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہارون سلیم موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے ایمرجنسی سٹیلائیٹ ہسپتال نحقی کا تفصیلی معائنہ کیا جہاں ہسپتال انچارج نے انہیں سہولیات اور خدمات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے موقع پر دستیاب سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے پائی جانے والی خامیوں کو فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔

بعد ازاں ،انہوں نے چارسدہ روڈ پرذبح خانے کا معائنہ کیا، جہاں جانوروں کے ذبح کے عمل، صفائی کےانتظامات اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے تحصیل شاہ عالم دفاتر کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سائلین سے ملاقات کی ،ان کے مسائل سنے اور فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی۔ انہوں نے دفاتر میں ریکارڈ اور سٹاف کی حاضری کا معائنہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید برآں ،ڈپٹی کمشنر پشاورنے موٹروے پر قائم اینٹی سمگلنگ جائنٹ چیک پوسٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے ڈیوٹی سٹاف سے ملاقات کرتے ہوئے ایمانداری اور ذمہ داری سے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے حاضری رجسٹر بھی چیک کیا اور غیر حاضر سٹاف کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے گڈ گورننس اور عوام دوست اقدامات کے تحت عوامی مسائل کے حل اور خدمات میں بہتری کے لیے تمام ضلعی محکمے اپنی کارکردگی کو مزید مؤثر بنائیں۔