آئی جی پولیس پشاور کی کھلی کچہری، شکایت کنندہ گان کی شکایات کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری

بدھ 17 ستمبر 2025 19:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) سنٹرل پولیس آفس پشاور کے اڈیٹوریم ہال میں براہِ راست کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ۔تر جمان خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق کھلی کچہری میں آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقارحمید نے صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے شکایت کنندہ گان کی شکایات سنیں ۔کھلی کچہری میں لوگوں نے پولیس سے متعلق اپنے انفرادی و اجتماعی مسائل اور شکایات آئی جی پولیس کے سامنے پیش کیں۔

آئی جی پولیس نے ہرشکایت کنندہ کی بات نہایت توجہ اورغور سے سنی اور موقع پر موجود متعلقہ افسران کو تمام شکایات کا فوری اور شفاف حل یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں ۔ آئی جی خیبرپختونخوا پولیس نے کہاکہ پولیس کی اصل ڈیوٹی عوام کی خدمت اور ان کا تحفظ یقینی بنانا ہے،کھلی کچہری کے انعقاد کا بنیادی مقصد ہی یہی ہے کہ عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کیے جائیں اور عوامی شکایات کے ازالے میں تاخیر نہ ہو۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری میں پیش ہونے والی بیشترشکایات میں تھانوں میں عوامی مسائل کے حل میں سُست روی، تفتیش میں تاخیر، منشیات کی روک تھام، گھریلو جھگڑوں اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کے مطالبات شامل تھے۔ آئی جی پولیس نے تمام شکایات پر احکامات صادر کئے اور ان پر عمل درآمد کے لئے موقع پر موجود ایس پی کمپلیٹ سیل سی پی او کوہدایات دیں۔آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے مزید کہا کہ وہ ہفتے میں کم ازکم دوبار بروز منگل اور جمعرات خود عوام کے مسائل براہ راست سُنیں گے اور ایسی کھلی کچہریوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ عوام کی آواز براہ راست مجھ تک پہنچ سکے۔