Live Updates

عام انتخابات میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور پی ٹی آئی کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کے لیے منظم اقدامات کیے گئے،مصدق عباسی

بدھ 17 ستمبر 2025 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی نے عام انتخابات 2024 سے متعلق کامن ویلتھ رپورٹ اور انتخابی بے ضابطگیوں کے حوالے سے اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کامن ویلتھ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ انتخابات میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی، سیاسی آزادی پر قدغن اور پی ٹی آئی کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کے لیے منظم اقدامات کیے گئے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمران خان کو سزاؤں کے ذریعے انتخابی دوڑ سے باہر رکھنے، فنڈ ریزنگ اور جلسوں پر پابندی لگانے، دفاتر بند کرنے، میڈیا پر قدغن لگانے اور نتائج میں ہیرا پھیری جیسے اقدامات انتخابی شفافیت کے منافی تھے۔

(جاری ہے)

مصدق عباسی نے مزید کہا کہ رپورٹ کے مطابق انتخابی نتائج میں فارم 45 اور 47 کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی، کئی مقامات پر مختلف فارم جاری ہوئے اور صرف ایک پارٹی کو ٹارگٹ کرنے کے لیے فیصلے کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں الیکشن کی شفافیت اور کریڈیبلٹی کو صفر قرار دیا گیا ہے جبکہ جمہوری اداروں کو کمزور کر کے سکیورٹی نظام کو مقدم رکھا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے حلقہ 79 اور 82 سے انتخابی عملے کے مس کنڈکٹ کے حوالے اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کو شکایات موصول ہوئیں جس پر 10 پریزائیڈنگ افسران کو بلایا گیا، جن میں دو خواتین افسران پیش ہوئیں اور اپنے دستخط کو جعلی قرار دیا۔ دو افسران نے بیانات میں تسلیم کیا کہ الیکشن میں مس کنڈکٹ ہوا ہے۔ ان کے بقول جرم ثابت ہو چکا ہے، تاہم سزا دینے کے اختیار کا تعین ہونا باقی ہے۔مصدق عباسی نے کہا کہ ہماری کارروائی دھاندلی نہیں بلکہ مس کنڈکٹ سے متعلق ہے، جبکہ الیکشن کمیشن تحقیقاتی ادارہ نہیں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات