Live Updates

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آبادکے44 ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے افسران کا کمشنر آفس فیصل آباد کا دورہ

بدھ 17 ستمبر 2025 21:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد (نیپا) کے44 ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے افسران نے کمشنر آفس فیصل آباد کا دورہ کیا جہاں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ان سے ملاقات اور میٹنگ کی صدارت کی۔کمشنر فیصل آباد نے افسران کو ڈویژنل انتظامیہ کی ورکنگ، حکومتی پالیسیز پر عملدرآمد کے اقدامات اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے ترقیاتی منصوبوں اور فیصل آباد کی ملک کی معاشی ترقی میں اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد صنعت و حرفت میں منفرد مقام رکھتا ہے اور ملکی برآمدات میں اس کا قابلِ ذکر حصہ ہے۔ کمشنر نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن کی بیوٹیفکیشن کیلئے متعدد منصوبے تیار ہیں اور گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں کی خوبصورتی کے انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

شہر کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ''ستھرا پنجاب پروگرام'' کی بدولت فیصل آباد میں معیاری صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے تیز رفتار حل اور خاطر خواہ ریلیف کی فراہمی کے لئے محکمانہ خدمات کے معیار پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے اور حکومت پنجاب کی پالیسیز پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ''خود کو جوابدہ بنائے بغیر حقیقی خدمت و کارکردگی ممکن نہیں ''۔سیلابی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ دریا کی موجودہ گنجائش اور ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر متاثرہ افراد کیلئے خیمے، خشک راشن اور رہائش کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے انتظامیہ کو مکمل معاونت فراہم کر رہا ہے۔

پرائس کنٹرول کے حوالے سے کمشنر نے بتایا کہ منڈیوں اور مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیرا فورس کے آنے سے تجاوزات کے خاتمے میں واضح فرق سامنے آیا ہے جبکہ فیصل آباد ڈویژن میں جنگلات میں اضافہ کیلئے تمام وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔اس موقع پر کمشنر فیصل آباد نے کورس کے شرکاء کو ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات