-عالمی ایوارڈ حاصل کرنیوالی خاتون پولیس افسر ایس پی عائشہ بٹ کی سنٹرل پولیس آفس آمد

ٴآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پی عائشہ بٹ کو ایکسی لینس ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دی

بدھ 17 ستمبر 2025 22:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے عالمی ایوارڈ حاصل کرنے والی خاتون پولیس افسر ایس پی عائشہ بٹ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی، اس موقع پر اے آئی جی ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمد رضوان احمد خان بھی موجود تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پی عائشہ بٹ کو Excellence in Performance Award حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایس پی عائشہ بٹ نے دنیا بھر میں محکمہ پولیس کا نام روشن کیا ہے، ان کی یہ کامیابی تمام پولیس افسران بالخصوص خواتین افسران کے لئے باعث فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری کی مد میں عالمی اعزازات حاصل کرنے والے پولیس افسران ہمارا فخر ہیں۔ ایس پی عائشہ بٹ کی کامیابی پاکستانی پولیس افسران بالخصوص خواتین افسران کے لئے باعث تقلید ہے۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس نے ایس پی عائشہ بٹ کو Excellence in Performance Award 2025ء سے نوازا۔ یہ ایوارڈ ہر سال دنیا بھر سے کسی ایک خاتون پولیس افسر کو غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ ایس پی عائشہ بٹ کو سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں منعقدہ 62 ویں سالانہ کانفرنس میں اس عالمی اعزاز سے نوازا گیا۔سی ٹی او گوجرانوالہ عائشہ بٹ کو ٹریفک سیفٹی پولیسنگ اور عوام و پولیس کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لئے شاندار کارکردگی اور خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیاتھا