رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا چیئرمین گوادر پورٹ کے ہمراہ میر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ

بدھ 17 ستمبر 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے چیئرمین گوادر پورٹ کے ہمراہ میر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔ ہسپتال پہنچنے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حفیظ بلوچ اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے ان کا استقبال کیا۔چیئرمین گوادر پورٹ اور رکن صوبائی اسمبلی نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا جن میں ڈائیلاسز سینٹر، تھلیسیمیا سینٹر، ڈینٹل وارڈ اور دیگر وارڈز شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین گوادر بندرگاہ نورالحق بلوچ نے ڈائیلاسز سینٹر میں پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے جی پی اے کی جانب سے ہفتہ وار پانی کی سپلائی کے احکامات موقع پر ہی جاری کئے۔انہوں نے ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کے آلات اور سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور میر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ ہسپتال کو ہیلتھ کارڈ سے منسلک کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ڈاکٹرز نے چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے اقدامات سے مریضوں کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات میسر آئیں گی۔