امریکا، پنسلوانیا میں مشتبہ شخص کی فائرنگ سے تین پولیس افسران ہلاک، دو شدید زخمی

جمعرات 18 ستمبر 2025 08:40

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) امریکی ریاست پنسلوانیا کے ضلع یورک کاؤنٹی میںمشتبہ شخص کی فائرنگ سے 3پولیس افسران ہلاک جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق یہ واقعہ نارتھ کوڈورس ٹاؤن شپ میں پیش آیا۔پولیس اہلکار ایک گھریلو جھگڑے کے کیس میں وارنٹ کی تعمیل کے لیے علاقے میں موجود تھے کہ اچانک ایک مشتبہ شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

جوابی کارروائی میں پولیس نے بھی فائرنگ کی، تاہم حملہ آور ہلاک ہو گیا۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق، فائرنگ کا نشانہ بننے والے چار اہلکار ناردرن یورک کاؤنٹی ریجنل پولیس ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھتے تھے، جبکہ پانچواں یورک کاؤنٹی کا شیرف ڈپٹی تھا۔زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ قریبی سکولوں میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو اور لیفننٹ گورنر آسٹن ڈیوس نے سوشل میڈیا پر واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے پولیس ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ریاستی پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔