روس نے چارلی کرک کے قتل پر اطلاعاتی مہم چلانے کے الزامات مسترد کر دیئے

جمعرات 18 ستمبر 2025 09:10

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) روس نے امریکی قدامت پسند سرگرم کارکن چارلی کرک کے قتل کے حوالے سے معلوماتی مہم چلانے کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ تاس کے مطابق روسی سفارتخانے کے ترجمان اندری بونداروف نے کہا ہے کہ روس کسی بھی دوسرے ملک بشمول امریکا کے داخلی امور میں مداخلت نہیں کرتا اور نہ ہی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس المناک واقعے کو روس مخالف جذبات بھڑکانے کے لیے بطور بہانہ استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہےچارلی کرک، جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایتی تھے، 10 ستمبر کو یوٹاہ کے ایک یونیورسٹی میں تقریر کے دوران فائرنگ کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئے تھے۔ قتل کے ملزم 22 سالہ ٹائلر رابنسن کو 11 ستمبر کو گرفتار کر لیا گیا، جس پر سات مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں جن میں سنگین قتل، فائر آرم کے استعمال سے شدید جسمانی نقصان، اور گواہ کو متاثر کرنے کی کوشش شامل ہے۔صدر ٹرمپ نے ملزم کو سزا موت دیئے جانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، جبکہ یوٹاہ کے گورنر اسپینسر کا کہنا ہے کہ پولیس کا خیال ہے کہ ملزم نے اکیلے اس جرم کو انجام دیا ہے۔