Live Updates

نوشہر فیروز،دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب، درجنوں دیہات زیرِ آب

جمعرات 18 ستمبر 2025 10:30

نوشہرو فیروز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب، درجنوں دیہات زیرِ آب، رابطہ سڑکیں بہہ گئیں۔تفصیلات کے مطابق نوشہرو فیروز کے مقام پردریائے سندھ میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال نے تباہی مچا دی۔ منٹجھ کے قریب مزید زمینداری بند ٹوٹنے سے پانی کا دباؤ بڑھ گیا اور تیز بہاؤ نے نیوتگڑ روڈ سمیت کئی رابطہ سڑکیں بہا کر دیہات کے درمیان آمدورفت منقطع کر دی۔

سیلابی ریلے نے راستے میں آنے والے درختوں کو جڑوں سمیت اکھاڑ کر بہا دیا، جبکہ کپاس، دھان اور سبزیوں کی تیار فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ کچے کے علاقے کے متعدد دیہات ڈوب گئے ہیں اور دریائے سندھ کا پانی ایس ایم بچاؤ بند سے ٹکرا رہا ہے، جس کے باعث مزید علاقوں کو خطرہ لاحق ہے۔

(جاری ہے)

ضلع انتظامیہ کے مطابق درجنوں دیہات میں لوگ ابھی تک پھنسے ہوئے ہیں۔

ریسکیو ٹیمیں مسلسل امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، تاہم متاثرہ علاقے کی وسعت اور تیز بہاؤ کے باعث کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت کشتیوں کے ذریعے گھر کا سازوسامان لے کر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہورہے ہیں۔ سیلاب کے باعث مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور کئی دیہات کا زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا ہے۔\378
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :