سرد جنگ کی ذہنیت، تسلط پسندی اور تحفظ پسندی کے بادل ابھی تک نہیں چھٹے،چین

جمعرات 18 ستمبر 2025 17:40

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) چین نے کہا ہے کہ تسلط پسندانہ منطق اور دھونس جمانے کے اقدامات قابل مذمت ہیں، امن اور ترقی کے معاصر نظریات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی تاہم سرد جنگ کی ذہنیت، تسلط پسندی اور تحفظ پسندی کے بادل ابھی تک نہیں چھٹے۔ اے ایف پی کے مطابق یہ بات چین کے وزیر دفاع ڈونگ جون نے جمعرات کو بیجنگ کے ژیانگ شان فورم کے دوران کہی جس میں دنیا کے ایک سو ممالک کے قریباً1800 مندوبین شریک ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے امریکا کا نام لیے بغیر تسلط پسندانہ منطق اور غنڈہ گردی کی مذمت کی ۔ افتتاحی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیر دفاع نےنئے عالمی امن کو درپیش خطرات اور چیلنجوں سے خبردار کیا ۔چینی وزیر دفاع کا یہ تبصرہ 1945 میں جاپانی حملے پر چین کی فتح کی یاد میں تیانان مین سکوائر میں ایک عظیم الشان فوجی پریڈ کے دو ہفتے بعد آیا ہے۔ اس پریڈ میں چین نے جدید بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں، ڈرونز اور لیزر ٹیکنالوجی سمیت متعدد نئے ہتھیاروں کی نقاب کشائی کی گئی تھی جبکہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور شمالی کوریا کے کم جونگ نے اس میں خصوصی طور پر شرکت کی تھی۔