Live Updates

لاہور میں پرائس کنٹرول مہم، گرانفروشوں کے خلاف سخت کریک ڈائون

جمعرات 18 ستمبر 2025 14:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس شہر بھر میں متحرک ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔ضلعی انتظامیہ کیمطابق کارروائیوں کے نتیجے میں روٹی 14 روپے، چینی 175 روپے فی کلو پر فروخت کی جا رہی ہے جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 اور 20 کلو کا تھیلا 1810 روپے میں شہریوں کو فراہم کیا جا رہا ہے۔

سبزی منڈیوں میں پیاز اور ادرک کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ آلو، ٹماٹر سمیت 15 سے زائد سبزیوں اور آم، آڑو، انگور اور کھجور جیسے پھلوں کی قیمتیں مستحکم ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی ہے کہ ہر دکان پر سرکاری نرخ نامے کی موجودگی اور نمایاں نمائش کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے جبکہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں پرائس کنٹرول مہم کی قیادت کریں۔

ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے واضح کیا کہ گرانفروشوں کے لیے شہر میں کوئی جگہ نہیں اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر عوام کے مجرم ہیں جن کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔شہری شکایات کے فوری ازالے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور کنٹرول روم نمبر 03070002345 فعال کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق شفاف پرائسنگ میکنزم کے ذریعے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو موثر طور پر کنٹرول کیا جا رہا ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات