عدالت نے سی سی ڈی سربراہ کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست نمٹا دی

جمعہ 19 ستمبر 2025 13:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے سی سی ڈی پنجاب کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی ۔جسٹس شہرام سرور چوہدری نے دائر درخواست پر ابتدائی سماعت کی ۔ دوران سماعت ایس پی سی سی ڈی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔جسٹس شہرام سرور چوہدری نے درخواست گزار وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے کس قانون کے تحت تعیناتی کو چیلنج کیا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت کو بتایا گیا کہ تعیناتی چیلنج کرنے کے حوالے سے چھ نکات ہیں۔درخواست گزار شاہد محمود نے موقف اپنایا کہ ایک شخص دو محکموں کا سربراہ کیسے بن سکتا ہے۔ جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ریمارکس دیے کہ معلوم ہوتا ہے یہ درخواست محض مشہوری کے لیے دائر کی گئی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے خواجہ محسن ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار نے حقائق چھپائے ہیں۔ دوران سماعت درخواست گزار نے درخواست واپس لینے کی استدعا کردی جس پر عدالت نے کیس نمٹا دیا ۔