فوڈ اتھارٹی کادودھ کی دکانوں کا معائنہ، نمونے حاصل کر کے موقع پر موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی مدد سے ٹیسٹنگ کی گئی

جمعہ 19 ستمبر 2025 16:22

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)فوڈ اتھارٹی مظفرآباد ان ایکشن، چھتر، اپر چھتر اور گڑھی پن میں قائم ملک شاپس سے دودھ کے نمونہ جات حاصل کر تے ہوئے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے ٹیسٹنگ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن نے ٹیم فوڈ اتھارٹی کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دودھ کی دکانوں کا معائنہ کیا اور نمونے حاصل کر کے موقع پر موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی مدد سے ٹیسٹنگ کی گئی۔

لیبارٹری رپورٹ کی روشنی میں دودھ میں پانی کی آمیزش پائی گئی جس پر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے متعلقہ فوڈ بزنس آپریٹرز کیخلاف کارروائی کی۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے اس کارروائی کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دودھ جیسی بنیادی اور روزمرہ استعمال کی چیز میں ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

عوام کو خالص اور معیاری دودھ کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

فوڈ اتھارٹی شہریوں کو معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لیے متحرک ہے اور روزمرہ کی بنیاد پر معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور پیور فوڈ ریگولیشنز 2019 پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور دودھ یا دیگر اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔ شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں براہ راست فوڈ اتھارٹی کے ہیلپ لائن نمبر 1280 پر اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :