ْکوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کرم میں یونیورسٹی کیمپس بنانے کا اعلان کردیا

جمعہ 19 ستمبر 2025 21:31

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے قبائلی ضلع کرم میں یونیورسٹی کیمپس بنانے کا اعلان کیا ہے جبکہ جامعہ کوہاٹ کے طلبہ اب مزید تعلیم انگلینڈ میں حاصل کرکے وہاں ملازمت بھی کرسکیں گے۔گزشتہ روز میڈیا کے مقامی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر جامعہ کوہاٹ پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے کہا کہ ضلع کرم میں جامعہ کوہاٹ کا نیا کیمپس قائم کرنے پر کام جاری ہے اور بہت جلد وہاں کیمپس قائم کردیا جائے گا۔

اٴْنہوں نے اپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا وژن ہے کہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے اور تمام طلباء و طالبات کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ ان کا کہناتھا کہ انگلینڈ کی ایک یونیورسٹی سے مفاہمتی یادداشت (MoU) کے تحت جامعہ کوہاٹ کے طالب علم یہاں چھ سمسٹر پڑھ کر مزید دو سمسٹر انگلینڈ میں پڑھیںگے جہاں انہیں نہ صرف انگلینڈ کی ڈگری ملے گی بلکہ وہاں ملازمت بھی کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

پروفیسرڈاکٹر الیاس کا کہناتھا کہ جامعہ کوہاٹ جلد ڈسٹنس لرننگ پروگرام کا آغاز کرنے جا رہی ہے جس میں میڈیا اسٹڈیز سمیت مختلف شعبہ جات کے پروگرامز شامل ہوں گے تاکہ بالخصوص صحافیوں اور ملازمت پیشہ افراد کو اعلیٰ تعلیمی مواقع فراہم کئے جا سکیں ۔ ان کا کہناتھا کہ جامعہ میں کھیلوں سمیت مختلف تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیاں شروع کی جا رہی ہیں جبکہ جامعہ کے مالی مسائل کے حل اور ملازمین کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے اسلام آباد ڈایگنوسٹک لیب کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پرجلد دستخط کئے جائیں گے جس کے تحت ملازمین کو 20 سے 30 فیصد رعایت دی جائے گی۔

وائس چانسلر نے یہ انکشاف بھی کیا کہ کوہاٹ میں یونیورسٹی سکولز اور یونیورسٹی چوک کے مقام پر ہسپتال کے قیام کے منصوبے بھی زیر غور ہیں جن کی تعمیر وتکمیل سے علاقے کے عوام کو معیاری تعلیم اور علاج معالجے کی سہولت حاصل ہوگی۔جامعہ کوہاٹ کے وائس چانسلرکا کہناتھا کہ طلباء و طالبات کو مختلف وظائف فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ مزید وظائف کے لئے مختلف اداروں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔