Live Updates

عمران خان کے وژن کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کا ایک اورانقلابی اقدام

بلین ٹری سونامی کے بعد علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں جنگلی حیات کی بحالی کا منصوبہ متعارف کیا گیا ہے، بیرسٹرسیف

جمعہ 19 ستمبر 2025 20:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان کے وژن کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے ایک اور انقلابی قدم اٹھایا ہے جس کے تحت بلین ٹری سونامی کے بعد وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں جنگلی حیات کی بحالی کا منصوبہ متعارف کیا گیا ہے جسکے بعد خیبر پختونخوا جنگلی حیات کی بحالی متعارف کرانے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔

منصوبے کے تحت کوہاٹ کے جنگلات میں مختلف قسم کے ہرن چھوڑ دئے گئے ہیں۔ جس کی ڈرون ٹیکنالوجی سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے،مقامی عوام اور وائلڈ لائف اہلکار مسلسل مانیٹرنگ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی کے ثمرات، اب جنگلی حیات کی واپسی کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں،یہ منصوبہ دیگر جنگلی حیات کی بحالی کا راستہ ہموار کرے گا،جنگلی حیات کی بحالی ماحولیاتی توازن کے لیے سنگ میل ہے ۔

(جاری ہے)

بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور عمران خان کے وژن پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے عمران خان کے وژن کے مطابق 2014 میں موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا تھا جسکے دورس نتائج سامنے آرہے ہیں۔ جنگلات کی بحالی اور فروغ کے بعد اب وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں خیبر پختونخوا حکومت نے عمران خان کے ایک اور وژن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے جنگلی حیات کی بحالی اور واپسی کا منصوبہ متعارف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے انقلابی اقدام کا مقصد ایکو سسٹم بحال کرنا ہے جو پچھلے کئی سالوں میں بری طرح متاثر ہوا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات