عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنرگوادر

جمعہ 19 ستمبر 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر گوادرحمود الرحمٰن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر حفیظ بلوچ، ایکسین کیسکو آپریشن حسین بخش پیچو، ایس ڈی او بی اینڈ آر مسعود بلوچ، محکمہ خزانہ کے نمائندے عتیق الرحمٰن، ڈاکٹر فاروق بلوچ، پی پی ایچ آئی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع بھر میں ادویات کی دستیابی، نئے قائم ہونے والے بی ایچ یوز کی موجودہ صورتحال اور ان کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر واضح کیا کہ کرونک غیر حاضر رہنے والے ڈاکٹرز اور اسٹاف کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کے کیسز اعلیٰ حکام کو بھجوا کر ان کی ملازمت کے خاتمے تک کی سفارش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

مزید برآں، مختلف وی ایچ یوز اور آر ایچ سیز میں جاری مرمت و بحالی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو مقررہ وقت میں معیار کے مطابق کام مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :