حرمین شریفین کے محافظ کی حیثیت سے جو عالمی عزت اور وقار حاصل ہوا ،پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ،تہمینہ دولتانہ

جمعہ 19 ستمبر 2025 19:42

حرمین شریفین کے محافظ کی حیثیت سے جو عالمی عزت اور وقار حاصل ہوا ،پوری ..
وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)مسلم لیگ (ن)کی سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی بیگم تہمینہ دولتانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو حرمین شریفین کے محافظ کی حیثیت سے جو عالمی عزت اور وقار حاصل ہوا ہے، اس سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)جب بھی اقتدار میں آئی، نہ صرف ملک کے اندر ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے گئے بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی ساکھ میں اضافہ ہوا۔

بیگم تہمینہ دولتانہ نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے بین الاقوامی سطح پر جس بالغ نظری اور مثر سفارتکاری کا مظاہرہ کیا، اس کے باعث دشمن قوتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔ عالمی تعلقات میں پیدا ہونے والی مضبوطی اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ قیادت نہ صرف قومی مفادات کا تحفظ کر رہی ہے بلکہ امت مسلمہ میں پاکستان کا مقام بھی مزید مضبوط ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص نے اقتدار کے دوران برادر اسلامی ملک کی جانب سے دیے گئے قیمتی تحائف تک کو بیچ ڈالا، اس نے پاکستان کی عزت کو دا پر لگایا۔ اس کے برعکس موجودہ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ کر کے ایک تاریخی کارنامہ سر انجام دیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور اعتماد کی نئی مثال قائم کرتا ہے۔بیگم تہمینہ دولتانہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت عوامی خدمت، قومی ترقی اور اسلامی دنیا سے مضبوط روابط کی پہچان بن چکی ہے، اور آنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔