سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کی خفیہ شرائط نہیں، خواجہ آصف

پاکستان کیخلاف جارحیت ہوئی تو سعودی عرب دفاع میں مدد کریگا ،سعودی عرب کیخلاف جارحیت پر پاکستان مدد کرے گا، وزیر دفاع

جمعہ 19 ستمبر 2025 20:35

سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کی خفیہ شرائط نہیں، خواجہ آصف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کی خفیہ شرائط نہیں، کسی دوسرے ملک نے چاہا تو انھیں بھی معاہدے میں شامل کرنے پر غور کرسکتے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے دفاعی معاہدے میں کوئی خفیہ شق موجود نہیں، اگر کوئی دوسرا ملک چاہے تو اس معاہدے میں اسے شامل کرنے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاہدے کا دائرہ کار دیگر ممالک تک بھی بڑھ سکتا ہے، کیوں کہ اپنی سلامتی کے لیے خطے کے ممالک کو میلوں دور کسی دوسرے ملک پر انحصار کرنے کے بجائے ایک خود مختار اور باصلاحیت ملک پر بھروسہ کرنا ہوگا جو انہیں حقیقی تحفظ فراہم کر سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں سعودی عرب کیلئے مددگار ثابت ہوں گی، دنیا اس وقت ایٹمی جنگوں سے محفوظ ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی ایسا ہی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیخلاف جارحیت ہوئی تو سعودی عرب دفاع میں مدد کرے گا اور اگر سعودی عرب کیخلاف جارحیت ہوئی تو پاکستان دفاع میں مدد کرے گا۔