وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی سےجماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی ملاقات

جمعہ 19 ستمبر 2025 19:53

وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی سےجماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعہ کو یہاں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے ملاقات کی، جس میں صوبائی امیر مولانا ہدایت الرحمٰن، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراست شاہ، صوبائی وزیر میر صادق عمرانی ، پارلیمانی سیکرٹری میر عبدالمجید بادینی بھی شریک تھے ۔

ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی، سماجی اور مجموعی صورتحال کے ساتھ ساتھ صوبے کے نوجوانوں کی فنی و تعلیمی ترقی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ نوجوانوں کو آئی ٹی کی جدید تربیت دینے کے لئے جامع اقدامات پر اتفاق رائے کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آئی ٹی تربیتی پروگرام ’’بنو قابل پاکستان ‘‘کے انعقاد پر جماعت اسلامی کے امیر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو باصلاحیت بنانے کے لئے عملی اور مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ وہ قومی و عالمی سطح پر مقابلہ کرسکیں ،ان اقدامات میں ’’بنو قابل پاکستان‘‘ پروگرام معاون ثابت ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں ’’یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام‘‘ کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کا پہلا بیج سعودی عرب بھجوایا جا چکا ہے جبکہ جرمنی کے لئے دوسرے بیج کی تربیت جاری ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں ’’میریٹوکریسی‘‘ کو بنیاد بنا کر ترقیاتی و تعلیمی اقدامات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے ،اسی پالیسی کے تحت محکمہ تعلیم میں 16 ہزار اساتذہ کی بھرتی مکمل طور پر میرٹ پر کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران 3200 بند سکول فعال کر دیے گئے جبکہ صرف دو ماہ میں 485 نئے کمیونٹی سکول قائم کیے گئے ہیں ،صحت کے شعبے میں بھی اصلاحات لائی جا رہی ہیں، انڈس ہسپتال کے تعاون سے صوبے کے چار دیہی ہسپتالوں کو ’’سٹیٹ آف دی آرٹ‘‘ سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے ،بعض علاقوں میں قیام پاکستان کے بعد پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جو بلوچستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل ہے ۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے بلوچستان حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ نوجوانوں کے لئے آئی ٹی پروگرامز کو مزید وسعت دینے کے لئے ہر تعاون کے لئے تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بنو قابل پاکستان پروگرام کے تحت اب تک بلوچستان کے 12 ہزار نوجوان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے بے حد پرجوش ہیں ۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور قومی دھارے میں برابری کے مواقع وقت کی ضرورت ہیں ، جماعت اسلامی اس سلسلے میں وفاقی سطح پر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر جماعت اسلامی کے امیر اور ان کے رفقاء کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ،جس میں جماعت اسلامی کی صوبائی قیادت کے ساتھ بلوچستان کے صوبائی وزرا ، مشیران، پارلیمانی سیکرٹریز اور اراکین صوبائی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔