بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی شعبہ عربی کی خواتین اساتذہ کی ڈین سے ملاقات، تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اہم اقدامات بارے تبادلہ خیال کیا

ہفتہ 20 ستمبر 2025 13:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی)کے شعبہ عربی کی خواتین فیکلٹی ممبرز نے نئے تعلیمی سمیسٹر کے آغاز پر فاطمہ الزہرا بلڈنگ میں ڈین فیکلٹی آف عریبک پروفیسر ڈاکٹر فضل اللہ سے ملاقات کی اور تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم اقدامات بارے تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹر فضل اللہ نے اسلامی اقدار کے مطابق طلبہ کی رہنمائی اور کردار سازی میں خواتین اساتذہ کے کلیدی کردار پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے، طلبہ کی اخلاقی اور ثقافتی تربیت اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکمت عملیوں پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر فضل اللہ نے ڈاکٹر سمیرا صغیر کو غیر عربی بولنے والوں کو عربی سکھانے کے مرکز میں تقرری پر خوش آمدید کہا اور ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر سمیرا نے اس اعتماد پر شکریہ ادا کیا اور مرکز کے اہداف کے حصول کے لیے بھرپور محنت کا عزم کیا۔ خواتین اساتذہ نے ڈین کی رہنمائی کو سراہا اور نئے سمیسٹر میں مشترکہ محنت کے عزم کا اعادہ کیا۔