ٍکینٹونمنٹ بورڈ سرگودھا میں بڑی تبدیلی، ریونیو برانچ کے 8 افسران و اہلکاروں کے تبادلے

ہفتہ 20 ستمبر 2025 19:10

ٍسرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2025ء)کینٹونمنٹ بورڈ سرگودھا نے ریونیو برانچ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرتے ہوئے 8 افسران و اہلکاروں کے تبادلے کر دیے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام کرپشن کے خاتمے اور نظام کو زیادہ شفاف بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔کینٹ ایگزیکٹو افسر نے میڈیا کو بتایا کہ کرپٹ عناصر کو ریونیو برانچ کے حساس کاموں سے ہٹا دیا گیا ہے اور عوامی شکایات میں اضافہ ہونے کے بعد یہ فیصلہ ناگزیر ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق ریونیو اسیسمنٹ کے کام کو اب مکمل طور پر ایک علیحدہ شعبے میں منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔ایگزیکٹو افسر نے اعلان کیا کہ تمام زیر التوا کیسز کو ایک ہفتے سے دس دن کے اندر نمٹا دیا جائے گا جبکہ میوٹیشن کے کیسز بھی جلد حل کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی بھی کرپٹ عنصر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کینٹ بورڈ سرگودھا عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے اور اس مقصد کے لیے نہ صرف تمام برانچز کی کارکردگی بہتر بنائی جا رہی ہے بلکہ کرپشن کے خاتمے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :