صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے کوہاٹ میں ڈھوڈہ شریف زیارت روڈ کا افتتاح کر دیا

ہفتہ 20 ستمبر 2025 21:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنان کے ہمراہ ڈھوڈہ شریف زیارت روڈ کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں مقامی رہنماؤں، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے اس منصوبے کو علاقے کے عوام کیلئے خوش آئندقرار دیا۔

اس موقع پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران اور تکنیکی ٹیم نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ یہ منصوبہ 32.250 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جس کے تحت 2.5 کلومیٹر طویل روڈ تعمیر کی گئی ہے۔ شرکاء نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے مقامی آبادی کو آمد و رفت میں سہولت میسر آئے گی اور علاقائی سطح پر معاشی و سماجی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدے بتدریج پورے کئے جا رہے ہیں اور ترقی و خوشحالی کا سفر تیزی سے جاری ہے، وقت کے ساتھ ساتھ اس میں مزید تیزی آئے گی۔ مزید برآں مختلف شعبوں میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :