کرک میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں، صوبائی وزیر زراعت

ہفتہ 20 ستمبر 2025 21:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال کی قیادت میں ضلع کرک میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے شعبہ تعلیم میں ضلع کرک کیلئے 2 بڑی سکیموں کی منظوری دی ہے جن کے نتیجے میں بچیوں کو گھر کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیم میسر آئے گی۔ منظور شدہ سکیموں میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ورانہ کی ہائیر سیکنڈری میں اپ گریڈیشن شامل ہے جس کیلئے پرنسپل، 5 سبجیکٹ اسپیشلسٹ اور ایک لیب اسسٹنٹ کی نئی آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح یونین کونسل سراج خیل میں نیا گرلز ہائی سکول قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس کیلئے مختلف کیڈر کی 14 آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر زراعت نے کہا ہے کہ لڑکیوں کے تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن سے ہماری بیٹیاں اپنے ہی علاقے میں معیاری تعلیم حاصل کر سکیں گی۔ انہوں نے اسے ایک روشن مستقبل کی طرف اہم قدم قرار دیا،اہلیانِ علاقہ نے ان اقدامات کو تاریخی اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان منصوبوں سے نہ صرف تعلیم کا معیار بلند ہو گا بلکہ ضلع بھر میں سماجی و معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :