حرمین شریفین کی حفاظت پاکستان کیلئے باعث اعزاز ہے،راغب حسین نعیمی

اتوار 21 ستمبر 2025 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حرمین شریفین کی حفاظت پاکستان کیلئے باعث اعزاز ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اتوار کے روز قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں منعقدہ آٹھویں سالانہ ورلڈ لیڈرکانگریس میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر جامعہ نعیمیہ میں علماکرام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ دفاعی معاہدے سے پاک سعودیہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے مذہبی، ثقافتی، اسٹریٹجک اور دفاعی روابط ہمیشہ مثالی رہے ہیں۔ یہ معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک کے دفاعی شعبے میں تعاون کو مضبوط کرے گا بلکہ امت مسلمہ کے دشمنوں کے لیے واضح پیغام بھی ہے کہ اسلامی دنیا متحد ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور سعودی عرب کا اتحاد عالم اسلام کی قوت اور یکجہتی کا مظہر ہے ،یہ معاہدہ خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو تقویت دے گا۔

راغب حسین نعیمی نے علماکرام سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہاکہ پاکستان کے اسلامی ممالک سے بڑھتے ہوئے سفارتی تعلقات کامیاب خارجہ پالیسی کا مظہر ہیں ۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی ،انڈیا کی رسوائی اور ہماری مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کے بعد دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنا۔

پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اپنے ہمسایوں کے ساتھ پرامن خوشگوار دوستانہ تعلقات چاہتا ہے مگر جو ہماری سلامتی کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا وہ پھر آپریشن بنیان مرصوص کو یاد رکھے ۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی قیادت کو اس تاریخی پیش رفت پر دلی مبارک باد بھی پیش کی اورامید ظاہر کی کہ یہ تعاون مزید شعبوں میں وسعت اختیار کرے گآ ۔