ڈپٹی کمشنر کا ضلع دکی میں ناصرآباد بائی پاس فیز-3 پراجیکٹ میں ناقص میٹریل کے استعمال کی سوشل میڈیا پر شکایات کا نوٹس

اتوار 21 ستمبر 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر محمد نعیم نے ضلع دکی میں ناصرآباد بائی پاس فیز-3 پراجیکٹ میں ناقص میٹریل کے استعمال کی سوشل میڈیا پر شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے جاری کام کا معائنہ کیا ۔ معائنے کے دوران ایگزیکٹیو انجینئر سی اینڈ ڈبلیو دکی شوکت علی پرکانی نے اس منصوبے کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ سڑک کی تعمیر منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق جاری ہے جس میں 6.650 کلومیٹر کا اسفالٹک بیس کورس مکمل ہوچکا ہے۔

کمیونیکیشن اینڈ ورکس ٹیم نے تصدیق کی کہ آنے والے اسفالٹک ویرنگ کورس میں فائن ایگریگیٹ کا استعمال کیا جائے گا ، جوکہ ابھی تک کرنا باقی ہے۔ فنڈز کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے بہت جلد دوسری سطح اسفالٹک ویرنگ کورس شروع کیا جائے گا جبکہ سڑک کے کناروں کو اسفالٹک ویرنگ کورس کے اختتام پر مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر اٹھائے جانے والے خدشات کے جواب میں محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس نے اس بات کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ تمام کام سخت تکنیکی نگرانی میں کیے جا رہے ہیں، جس میں ہر مرحلے پر مواد کی جانچ لازمی ہے اور معیار کے مطابق کام ہو رہا ہے۔

اس کے علاوہ یہ بھی واضح کیا گیا کہ اسفالٹک بنیادی کورس پر سیل کوٹ کرنا ڈیزائن میں شامل نہیں ہے۔ فنڈنگ میں سست روی جیسے چیلنجز کو تسلیم کرتے ہوئے، ڈپٹی کمشنر نے کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور عوام کے فائدے کے لیے اس منصوبے کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔