Live Updates

پیپلزپارٹی عام آدمی کی جماعت ،سیلاب متاثرین کا دکھ درد اچھی طرح سمجھتی ہے‘ سردارسلیم حیدرخان

پیر 22 ستمبر 2025 20:19

پیپلزپارٹی عام آدمی کی جماعت ،سیلاب متاثرین کا دکھ درد اچھی طرح سمجھتی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے موقع پر چنیوٹ، مظفرگڑھ، اور قصور کے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں صدر پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سینئر رہنما فیصل میر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عام آدمی کی جماعت ہے اور سیلاب میں گرے متاثرین کا دکھ درداچھی طرح سمجھتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی سالگرہ دھوم دھڑکے سے منانے کی بجائے سیلاب زدگان کی مدد کرکے سب کے دل جیت لیے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ چیئر مین بلاول بھٹو کی جانب سے یہ ایک انقلابی قدم ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ جہلم، چکوال، مظفرگڑھ، علی پور اور جلالپور کے علاقوں کے دوروں کے دوران سیلاب زدگان کو دیکھ کر بہت دکھ ہوا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فیصل میر نے سیلاب زدگان کے لیے ہر گھر کا مکمل پیکیج فراہم کیا ہے جس میں ایک ماہ کا راشن، چار عدد چارپائیاں، ایک عدد سائیکل، صندوق اور بستروں کے علاوہ گھر کے ایک یونٹ کا مکمل سامان شامل ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ مخیر حضرات سے بھی اپیل ہے کہ آگے بڑھ کر آفت میں گرے ہوئے ان لوگوں کی امدداد اور بحالی میں بھر پور حصہ لیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ میں خصوصی طور پر پنجاب ریڈ کریسنٹ اور سویٹ ہوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے کہنے پر سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سیلاب زدگان کی مدد کو پوائنٹ سکورنگ کی طرف نہیں لے کر جانا چاہتی۔

اُنہوںنے کہا کہ ہماری جماعت نے ہمیشہ غریب کے درد کو محسوس کیا ہے اور عام آدمی کی چپکے سے مدد کی ہے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ پر مصیبت زدگان کی مدد کرنا صرف پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی کام ہے۔قبل ازیں، گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے آج لاہور ایئرپورٹ پر این ڈی ایم اے کی جانب سے غزہ اور فلسطین کے مسلمانوں کے لئے امدادی جہاز روانہ کئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمان ہمارے بھائی ہیں جن کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے غزہ اور فلسطین کے لئے اب تک 23کھیپ جاچکی ہیں جبکہ مجموعی طور پر 2ہزار 227ٹن سامان روانہ کیا جاچکاہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ غزہ کو بروقت سامان کی فراہمی میں وزیر اعظم اور این ڈی ایم اے کا کردار اہم ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ امدادی سامان میں کپڑے، ادویات،خشک راشن اور کھانے پینے کی اشیاشامل ہیں۔ گورنرپنجاب نے مزید کہا کہ اسرائیل دنیا میں امن کیلئے خطرہ بن چکا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ فلسطین کے معصوم بچوں اور بے گناہ انسانیت کو روزانہ کی بنیاد پر شہید کیا جا رہا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ اسرائیلی دہشت گردی کا سختی سے نوٹس لے۔اُنہوں نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک کو مل کر فلسطین کا ساتھ دینا ہوگا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اسرائیل غزہ اور فلسطین کے شہری علاقوں میں بمباری کر کے انسانی اصولوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات