ایتھنز میں فلسطین مارچ: یونانی عوام کا اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ

مظاہرین کی غزہ میں جاری بمباری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف شدید نعرے بازی

پیر 22 ستمبر 2025 18:15

ایتھنز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء)غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں فلسطین حمایت مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے غزہ میں جاری بمباری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

شرکا کا کہنا تھا کہ یونانی حکومت کو اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کا تعلق ختم کر دینا چاہیے اور فلسطینی عوام کی کھل کر حمایت کرنی چاہیے۔

اسپین میں ہیلتھ ورکرز نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف منفرد انداز میں احتجاج کیا اور ہاتھوں پر سرخ رنگ لگا کر "خون رکوانی" کی علامتی اپیل کی۔ اسی طرح جاپان میں بھی ایک سماجی کارکن نے ٹوکیو کی سڑکوں پر فلسطینی پرچم بلند کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔دوسری جانب خود اسرائیل میں بھی نیتن یاہو حکومت کے خلاف احتجاج بڑھ گیا ہے۔ تل ابیب میں ہزاروں اسرائیلی شہری سڑکوں پر نکل آئے اور غزہ میں فوری جنگ بندی معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا۔