تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمبڑیال میں 40 بستروں کا اضافہ

پیر 22 ستمبر 2025 17:16

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمبڑیال میں 40 بستروں کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ خواجہ مسعود اختر (فاروڈ سپورٹس) نے 12 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے تین منزلہ عمارت تعمیر کر کے محکمہ صحت و آبادی پنجاب کے حوالے کر دی۔اس موقع پر محکمہ صحت پنجاب اور فاروڈ سپورٹس کے مابین باہمی یادداشت کے معاہدے پر دستخط بھی کئے گئے۔

تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، چودھری فیصل اکرام، حنا ارشد وڑائچ، چودھری نوید اشرف اور رانا عبد الستار کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم چودھری بھی شریک تھے۔اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور فیصل اکرام چودھری نے اس موقع پر کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی اپنی سماجی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے جس کی عملی مثال سمبڑیال ہسپتال میں نئی تعمیر شدہ عمارت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواجہ مسعود اختر نے جس طرح ایکسپورٹ کے میدان میں نام کمایا، اسی طرح ان کی سماجی خدمات بھی بے مثال ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی بلڈنگ سے بہتر طور پر استفادہ حاصل کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے میڈیکل افسران اور عملے کی اضافی تعیناتی کیلئے ایس این ای کی فراہمی کی درخواست کی جائے گی۔