سرویکل کینسر کی قومی ویکسینیشن مہم کے دوران نامعلوم شرپسند عناصر نے محکمہ صحت کی سرکاری بائیک کو دھکا دے سڑک سے نیچے گرا دیا

پیر 22 ستمبر 2025 22:39

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2025ء)جہلم ویلی کے نواحی علاقے لمنیاں کھوڑیاں میں سرویکل کینسر کی قومی ویکسینیشن مہم کے دوران نامعلوم شرپسند عناصر نے محکمہ صحت کی سرکاری بائیک کو دھکا دے سڑک سے نیچے گرا دیا،جس کے نتیجے میں بائیک کو شدید نقصان پہنچا‘مقامی سیاسی و سمانی حلقوں نے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سپر وائزر خالد محمود عباسی کی سربراہی میں محکمہ صحت کی ٹیم گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کھوڑیاں کے گردونواح میں بچیوں کو سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے لیے پہنچی تواس دوران نامعلوم افراد نے ٹیم کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کیں اور سرکاری بائیک کو نقصان پہنچایا، واقعہ کے باعث بائیک کو ہزاروں روپے کا نقصان ہوا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خالد محمود عباسی نے بتایا کہ ویکسینیشن مہم کے دوران مختلف علاقوں میں ٹیم کو عوامی غلط فہمیوں اور غیر ضروری مباحثوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے مہم کی کامیابی متاثر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ ویکسین بچیوں کو ایک مہلک بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے ہے، اس مہم میں رکاوٹ ڈالنا نہ صرف غیر قانونی عمل ہے بلکہ آئندہ نسلوں کی صحت کے ساتھ سنگین مذاق ہے،انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ شرپسند عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور عوام کو اس قومی مہم کی اہمیت سے بھرپور آگاہی فراہم کی جائے تاکہ بچیوں کی صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :