سعودی عرب کا 95 واں یوم الوطنی، مسافروں کے پاسپورٹ پر خصوصی مہر

منگل 23 ستمبر 2025 08:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے 95 ویں یوم الوطنی کو یادگار بنانے کے لیے ایک خصوصی مہر جاری کی ہے۔ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب کے تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کے پاسپورٹ پر یوم الوطنی کے سلوگن’عزتا بطبعنا‘ ( ہماری فطرت ہی ہمارا فخر ہے) کی خصوصی مہر لگائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ پاسپورٹ کے افسران مملکت کے ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر مسافروں کے پاسپورٹس پر یوم وطنی کی خصوصی مہر لگانے کے ساتھ انہیں یادگاری تحائف اور پھول بھی پیش کر رہے ہیں۔

یاد رہے سعودی عرب کا نیشنل ڈے (یوم وطنی) ہر سال 23 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔ یوم وطنی تیسری سعودی ریاست کے قیام کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔کنگ عبدالعزیز نے تیسری سعودی ریاست کے قیام کا اعلان 21 جمادی الاول 1351ھ مطابق 23 ستمبر 1932 کو کیا تھا۔ اسی مناسبت سے سعودی قائدین اور عوام 23 ستمبر کو یوم وطنی مناتے ہیں۔