Live Updates

چند دنوں میں 10ہزار سے زائد افراد نے بطور سول ڈیفنس رضاکاررجسٹریشن کروا لی

مردوں کے شانہ بشانہ خواتین بھی بطور رضاکار رجسٹریشن کروا رہی ہیں، مختلف تعلیمی قابلیت کے افراد بطور رضاکار رجسٹر ہوئے

منگل 23 ستمبر 2025 13:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)چند ہی دنوں میں 10,700 سے زائد افراد نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا لی ہے۔ مردوں کے شانہ بشانہ خواتین بھی بطور رضاکار رجسٹریشن کروا رہی ہیں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اور مختلف تعلیمی قابلیت کے حامل افراد رجسٹریشن کروا رہے ہیں۔ رجسٹریشن میں فیصل آباد پہلے، بہاولپور دوسرے اور راولپنڈی تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹراحمد جاوید قاضی نے سول ڈیفنس میں بطور رضاکار رجسٹریشن کروانے والے شہریوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ سول ڈیفنس رضاکار ہر قسم کے ہنگامی حالات میں متاثرین کی امداد کرتے ہیں اور جذبہ خدمت و ایثار سے لبریز نوجوان بڑی تعداد میں رجسٹریشن کروا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے سول ڈیفنس رضاکاروں کی رجسٹریشن کیلئے آن لائن پورٹل جاری کیا تھا جس کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے اس میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی پر دن رات کام جاری ہے اور لاکھوں متاثرین، انکی املاک اور مویشیوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سول ڈیفنس نے اس دوران متاثرین کو ریسکیو کر کے کھانا، ادویات فراہم کرنے کیساتھ محفوظ شیلٹر بھی فراہم کیے۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے تمام متعلقہ ادارے متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے فیلڈ میں سرگرم ہیں اور شہری بھی اپنی صلاحیت اور قابلیت کے مطابق بطور رضاکار متاثرین کی امداد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے ہم وطنوں کی مدد کے اس عظیم مشن کا حصہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بطور رضاکار خدمات سرانجام دینے والوں کو خصوصی تعریفی اسناد دی جائیں گی۔ یاد رہے کہ سول ڈیفنس میں بطور رضاکار رجسٹریشن کیلئے آن لائن پورٹل VCD.HOME.GOP.PK اب بھی کھلا ہے۔ رجسٹریشن کروانے پر متعلقہ اضلاع میں سول ڈیفنس انتظامیہ شہریوں سے خود رابطہ کر رہی ہے تاکہ انکی قابلیت اور صلاحیت کے مطابق بہترین خدمات لی جا سکیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات