وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال کی قازقستان کے سفیر یرژان کیستافین سے ملاقات ،دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

منگل 23 ستمبر 2025 15:14

وفاقی وزیر قومی صحت  سید مصطفیٰ کمال کی قازقستان کے سفیر  یرژان کیستافین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان صحت کے شعبے میں بین الاقوامی شراکت داری کو نہایت اہمیت دیتا ہے ، ایسے معاہدے پاکستان کے نظام صحت کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قازقستان کے سفیر یرژان کیستافین سے ملاقات کے دوران کیا ۔

اس موقع پر صحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کے مابین مجوزہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی بات چیت ہوئی جس کا مقصد طبی تحقیق، طبی عملے کی تربیت، تکنیکی معاونت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے ۔دونوں فریقین نے ملاقات کے اختتام پر مفاہمتی یادداشت کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا، یہ شراکت داری دونوں ممالک کے عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ایم ڈی سی اور ڈریپ کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے اور میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ہیومن کنٹیکٹ ختم کیا جارہا ہے ، قازقستان کی حکومت کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں، ہمارے تعلقات آئندہ آنے والی نسلوں تک چلیں ۔قازقستان کے سفیر نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کے ہمارے ہیلتھ منسٹر اور اپ صحت کے شعبے میں مل کر کام کریں اور ایک دوسرے کے تجربات سے بھر استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔