دعا لیپا نے فلسطین مخالف موقف پر ایجنٹ کو فارغ کردیا

منگل 23 ستمبر 2025 23:18

دعا لیپا نے فلسطین مخالف موقف پر ایجنٹ کو فارغ کردیا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) معروف برطانوی پاپ گلوکارہ دعا لیپا نے فلسطین مخالف موقف پر اپنے دیرینہ ایجنٹ کو برطرف کر دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایجنٹ نے حال ہی میں ایک خط پر دستخط کیے تھے جس میں آئرلینڈ کے پرو فلسطینی ریپ گروپ نی کیپ کو گلاسٹن بری میوزک فیسٹیول سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

برطانوی اخبار کے مطابق ایجنٹ ڈیوڈ لیوی میوزک انڈسٹری کی ان چند شخصیات میں شامل تھے جنہوں نے فیسٹیول کے بانی مائیکل ایوس کو یہ خط بھیجا تھا، تاہم یہ خط بعد میں لیک ہوگیا اور کئی فنکاروں نے اس کی مذمت کی، جس کے باوجود گروپ نی کیپ نے حسبِ پروگرام پرفارم کیا۔

اخبار نے انڈسٹری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ دعا لیپا نے اپنے ایجنٹ کو اس لیے فارغ کیا کیونکہ ان کا فلسطین سے متعلق مقف، ایجنٹ کی سوچ سے مطابقت نہیں رکھتا تھا۔ذرائع کے مطابق دعاء لیپا سمجھتی ہیں کہ ایجنٹ اسرائیل کی غزہ میں جنگ اور فلسطینیوں کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک کے حامی ہیں اور یہ بات اس خط سے بالکل واضح ہو گئی تھی جس پر انہوں نے دستخط کئے۔