دوسرا رسجا انٹرمیڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ: ہم نیوز اور سی ڈی اے کی شاندار فتوحات، سمیر بٹ اور فیصل ستی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

منگل 23 ستمبر 2025 21:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) دوسرے رسجا انٹرمیڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دونوں میچز میں ہم نیوز اور سی ڈی اے نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔پہلے میچ میں ہم نیوز نے اے آر وائی نیوز کو 5 وکٹوں سے شکست دی،اے آر وائی نیوز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 14.4 اوورز میں 112 رنز اسکور کیے۔ طارق نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 59 رنز بنائے جبکہ رویات خان نے 17 رنز جوڑے۔

ہم نیوز کی جانب سے سمیر بٹ اور نوید نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں ہم نیوز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 8.5 اوورز میں 113 رنز بنا کر فتح حاصل کر لی۔ عمر نے صرف 21 گیندوں پر 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ غیور 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر سمیر بٹ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسرے میچ میں سی ڈی اے نے پبلک نیوز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 81 رنز سے ہرایا،سی ڈی اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 15 اوورز میں 163 رنز اسکور کیے۔

انجم نے 54 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ وقاص نے 41 اور جمشید نے 24 رنز بنائے۔ پبلک نیوز کی جانب سے وسیم ملک نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں پبلک نیوز کی ٹیم دباؤ کا شکار رہی اور 12.3 اوورز میں صرف 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اسد شیخ 26، محمد عمیر 18 اور ارشاد احمد 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سی ڈی اے کے فیصل ستی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں صرف 6 رنز کے عوض حاصل کیں اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

میچز کے مہمانِ خصوصی سابق سینیٹر مشاہد حسین سید تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور رسجا کو میڈیا کے لئے شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ رسجا آئندہ بھی صحافیوں کے لئے اسی طرح کے مثبت اور صحت مند ایونٹس کا انعقاد کرتی رہے گی۔