فیفا سربراہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ورلڈکپ میچز کی منتقلی کی حمایت کریں گے، ٹرمپ

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:43

فیفا سربراہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ورلڈکپ میچز کی منتقلی کی حمایت ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) کے سربراہ جیانی انفانتینو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر 2026 ورلڈکپ کے میچز کو امریکی شہروں سے منتقل کرنے کی حمایت کریں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ستمبر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں کے خلاف کارروائی کے دوران میچز کو منتقل کرنے کا امکان ظاہر کیا تھا، تاہم اس وقت فیفا نے کہا تھا کہ میچوں کی میزبانی کا فیصلہ صرف عالمی فٹبال تنظیم کرے گی۔

ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شہر خراب کارکردگی دکھا رہا ہو یا حالات غیر محفوظ ہوں، تو میں فیفا کے سربراہ کو کال کروں گا اور کہوں گا کہ یہ میچز کسی اور مقام پر منتقل کر دو اور وہ ایسا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے بہت آسان ہوگا۔امریکی صدر نے اشارہ دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس کے ایونٹس بھی منتقل کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اولمپکس کے لیے بھی یہی کہہ سکتا ہوں اگر مجھے لگا کہ لاس اینجلس مناسب طور پر تیاری نہیں کر رہا، تو میں اسے کسی اور مقام پر منتقل کر دوں گا۔یاد رہے کہ ریپبلکن صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے رواں سال ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں میں نیشنل گارڈ کے دستے تعینات کیے ہیں، حالانکہ مقامی اور ریاستی حکام نے اس کی مخالفت کی تھی۔

ٹرمپ کے مطابق یہ اقدام جرائم اور بائیں بازو کی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے۔بوسٹن اگلے سال ورلڈکپ کے 7 میچوں کی میزبانی کرے گا، سان فرانسسکو اور سیئٹل 6،6 میچز، اور لاس اینجلس 8 میچز کی میزبانی کرے گا۔خیال رہے کہ اگلے سال فیفا ورلڈکپ کی میزبانی امریکا، میکسیکو اور کینیڈا مشترکہ طور پر کررہے ہیں، تاہم زیادہ تر میچز امریکا میں ہی کھیلے جائیں گے۔

اس ٹورنامنٹ میں ٹیموں کی تعداد 48 تک بڑھا دی گئی ہے۔ٹرمپ نے اس سال کے اوائل میں خود کو ورلڈکپ کے لیے وائٹ ہاؤس ٹاسک فورس کا چیئرمین بھی مقرر کیا تھا۔واضح رہے کہ فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) کے صدر جیانی انفنتینو نے غزہ امن اجلاس کے موقع پر کہا کہ جنگ بندی کے بعد غزہ میں فٹبال کی تمام سہولیات کو دوبارہ تعمیر کیا جائیگا۔