Live Updates

آسٹریلوی کرکٹرزایشیز سیریز کی تاریخ بھول گئے، ویڈیو وائرل

منگل 23 ستمبر 2025 21:39

آسٹریلوی کرکٹرزایشیز سیریز کی تاریخ بھول گئے، ویڈیو وائرل
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)آسٹریلوی کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف کرکٹ کی سب سے بڑی اور تاریخی ایشیز سیریز کے شروع ہونے کی تاریخ ہی بھول گئے۔سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ٹیم کے کئی بڑے نام تاریخ بتانے میں ناکام نظر آئے۔ویڈیو میں آسٹریلوی اسپنر نیتھن لیون کو ساتھی کھلاڑیوں کو فون کرکے ایشیز سیریز کی تاریخیں پوچھتے دیکھا جا سکتا ہے تاہم کپتان پیٹ کمنز سمیت کسی کھلاڑیوں کوا یشز کی تاریخ ہی یاد نہیں تھی۔

مچل اسٹارک نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ شاید جوش ہیزل ووڈ کو پتا ہوگا لیکن جب ہیزل ووڈ اور اسکاٹ بولانڈ سے پوچھا گیا تو ان کو بھی تاریخ یاد نہیں۔پیٹ کمنز نے نیتھن لیون کو جواب دیا کہ مجھے نہیں پتا، کیا گوگل پر نہیں ہی بعد ازاں انہوں نے اندازہ لگاتے ہوئے کہا کہ شاید سیریز نومبر کے آخر میں شروع ہو۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایشیز کرکٹ کی سب سے پرانی اور اہم روایتی سیریز ہے جو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جاتی ہے جس کا آغاز 1882 میں آسٹریلیا کی سرزمین پر ہوا تھا جب کہ 5 ٹیسٹ میچز پر مشتمل ایشز سیریز آخری مرتبہ سال 2023 میں انگلینڈ میں کھیلی گئی تھی جس میں ایک میچ ڈرا ہوا اور بقیہ میچز 2-2 سے برابر ہوئے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سرکل میں رواں سال شروع ہونے والی ایشز سیریز کے شیڈول کا اعلان بھی کیا جاچکا ہے جس کا پہلا میچ 21 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 4 دسمبر کو گابا میں، تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر کو اوول میں، چوتھا ٹیسٹ 26 دسمبر کو میلبرن اور آخری ٹیسٹ میچ 4 جنوری کو سڈنی میں ہوگا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات