Live Updates

مشکل وکٹ پر سری لنکا پاکستان کو قابل دفاع ہدف دینے میں کامیاب

مکمل طور پر ناکام ہو جانے کے باوجود سری لنکن بیٹرز نے ابوظہبی کی مشکل وکٹ پر پاکستان کو 134 رنز کا ہدف دے دیا

muhammad ali محمد علی منگل 23 ستمبر 2025 21:40

مشکل وکٹ پر سری لنکا پاکستان کو قابل دفاع ہدف دینے میں کامیاب
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2025ء)مشکل وکٹ پر سری لنکا پاکستان کو قابل دفاع ہدف دینے میں کامیاب، مکمل طور پر ناکام ہو جانے کے باوجود سری لنکن بیٹرز نے ابوظہبی کی مشکل وکٹ پر پاکستان کو 134 رنز کا ہدف دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 134 رنز کا ہدف دے دیا۔

ابوظہبی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستانی باؤلرز کے سامنے سری لنکا کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر133 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے پیتھم نسانکا اور کوشال مینڈس نے اننگ کا آغاز کیا تاہم کوشال مینڈس ایک رن کے مجموعی سکور پر بغیر کھاتہ کھولے ہی شاہین آفریدی کی گیند پر حسین طلعت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، 18 رنز کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی دوسری وکٹ گر گئی جب پیتھم نسانکا میچ کے تیسرے اوور میں شاہین کی گیند پر ہی 8 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

(جاری ہے)

نئے آنے والے بلے باز کوشال پریرا اور کپتان اسالنکا نے اننگ آگے بڑھائی تاہم 43 رنز کے مجموعی سکور پر کوشال پریرا بھی 15 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر محمد حارث کوکیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکن ٹیم کا سکور 58 پر پہنچا تو یکے بعد دو وکٹیں گر گئیں، لنکن کپتان اسالنکا 20 جبکہ داشن شناکا بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے، وانندو ہاسارنگا بھی 15 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بن گئے جبکہ کامنڈو مینڈس 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

سری لنکا کے دشمانتھا چمیرا نے ایک رن بنا کر ہی پویلین کی راہ لی جبکہ چمیکا کرونارٹنے نے 21 گیندوں پر 17 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، حارث رؤف اور حسین طلعت نے 2،2 جبکہ ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کو سپر فور مرحلے کے اپنے پہلے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، سری لنکا کو بنگلادیش جبکہ پاکستان کو بھارت نے ہرایا تھا۔ ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی کی امیدوں کا زندہ رکھنے کےلیے دونوں ٹیموں کا یہ میچ جیتنا انتہائی ضروری ہے ۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات