شہر کی خوبصورتی کو بہتر بنانے کےلئے انتظامیہ بہتر اقدامات کر رہی ہے، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی

منگل 23 ستمبر 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ نے شہر کی خوبصورتی کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ کارروائی کے دوران نیو بس اڈے اور ایپکا کالونی مارکیٹ کے سامنے بنائی گئی تجاوزات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا جبکہ منی پٹرول پمپ سمیت دیگر غیر قانونی تعمیرات کو بھی اکھاڑ دیا گیا۔

تحصیلدار معظم علی جتوئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ شہر کی خوبصورتی اور مفاد عامہ میں تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ غیر قانونی تجاوزات کو مکمل طور پر ختم کیا جائے اور شہر کے حسن کو مزید نکھارا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دکانوں کے سامنے بنائی جانے والی تجاوزات نہ صرف شہر کی خوبصورتی کو ماند کر رہی ہیں بلکہ شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ کرتی ہیں، لہٰذا ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور اس عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران دکانداروں کو سخت تنبیہ بھی کی گئی کہ وہ اپنی حدود میں رہ کر کاروبار کریں بصورت دیگر مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ نصیرآباد ضلع انتظامیہ شہر کی خوبصورتی کو بہتر بنانے اور غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کر رہی ہے۔ عوام کی جانب سے تجاوزات کے خلاف اس سلسلے کو بھرپور سراہا گیا ہے اور شہریوں نے انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے شہر کی حالت بہتر ہوگی اور ٹریفک کی روانی سمیت دیگر مسائل بھی حل ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :