امریکی صدر نے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے موقع پر ایسکلیٹر اور ساؤنڈ سسٹم کی خرابی کو سازش قرار دے دیا، تحقیقات کا مطالبہ

جمعرات 25 ستمبر 2025 11:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوامِ متحدہ کے صدر دفتر میں پیش آنے والے تکنیکی مسائل کو "تہری تخریب کاری" (Triple Sabotage) کا نام دیتے ہوئے ان پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور اس کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔امریکی صدر کا کہنا ہے کہ منگل کو اقوامِ متحدہ میں ان کی آمد اور تقریر کے دوران ایسکلیٹر اچانک رک گیا، ٹیلی پرامپٹر نے کام کرنا بند کر دیا اور ساؤنڈ سسٹم مکمل طور پر ناکام ہو گیا اور یہ سب کچھ محض اتفاق نہیں بلکہ ایک "سوچی سمجھی سازش" ہے۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل"پر لکھا کہ یہ حقیقتاً ایک شرمناک واقعہ تھا، جس پر اقوامِ متحدہ کو شرمندہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وہ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو باقاعدہ خط بھیج رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ اور خاتون اول میلانیا ایسکلیٹر پر گر جاتے تو ایک بڑا حادثہ ہو سکتا تھا۔ ادھر اقوامِ متحدہ کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ ایسکلیٹر اچانک اس لیے رکا کہ امریکی وفد کے ایک وڈیوگرافر نے غلطی سے حفاظتی فیچر فعال کر دیا تھا، جبکہ ٹیلی پرامپٹر وائٹ ہاؤس کے کنٹرول میں ہوتا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی جانب سے اس الزام پر کوئی باضابطہ ردِعمل جاری نہیں کیا گیا۔