گردشی قرضے پر قابو پانے کے لیے اتفاق رائے سے لائحہ عمل وضع کیا ، چھ سال میں اس سے نجات حاصل ہو جائیگی ،وزیرتوانائی

جمعرات 25 ستمبر 2025 14:46

گردشی قرضے پر قابو پانے کے لیے اتفاق رائے سے لائحہ عمل وضع کیا ، چھ سال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہاہے کہ آئندہ چھ برس میں گردشی قرض سے نجات حاصل کرلیں گے ، اس قرضے کی وجہ سے توانائی کا شعبہ متاثر ہو رہا تھا ،گردشی قرضے پر قابو پانے کے لیے اتفاق رائے سے لائحہ عمل وضع کیا ،گردشی قرضہ سکیم کیلئے سیکرٹری پاور سمیت دیگر حکام کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ،گردشی قرضے کے خاتمے کی سکیم شعبہ توانائی میں اصلاحات کا حصہ ہے جس کے تحت آئندہ چھ سال میں گردشی قرضے سے نجات حاصل ہو جائے گی ۔

جمعرات کو سرکلر ڈیٹ فنانسنگ سکیم کی تقریب کے حوالے سے جاری ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ حالیہ حکومت کے آغاز پر گردشی قرضہ تقریبا24 کھرب روپے تھا، اب تک تقریبا 800 ارب روپے گردشی قرضہ کم کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج 1225 ارب روپے کے گردشی قرضے میں کمی کی سکیم پر دستخط ہوں گے، صارفین فی یونٹ تقریبا سوا تین روپے سے زیادہ ڈیٹ سروس سرچارج ادا کرتے رہے، ڈیٹ سروس سرچارج سے صرف سود کی ادائیگی ہوتی تھی اصل قرض برقرار رہتا تھا، پاور ڈویژن نے 800 ارب روپے کم کیے، اب مزید 1225 ارب روپے کم ہوں گے، آئندہ چھ سال میں گردشی قرضہ صفر پر لانے کا ہدف ہے۔

اویس لغاری نے کہاکہ اب ڈیٹ سروس سرچارج سود کے ساتھ 1225 ارب روپے قرضے کی ادائیگی میں بھی استعمال ہو گا، یہ کامیابی وزیرِ اعظم پاکستان کے وژن اور رہنمائی کا نتیجہ ہے، تمام اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے گردشی قرضہ ختم کرنے کا خواب حقیقت بن رہا ہے۔